بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے معروف ویلفئیر اسپتال میں اے جے اسپتال مینگلور کے اشتراک سے مورخہ 12 جون کو فری میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مریضوں کی جانچ کے لئے مینگلور کے کئی ماہر امراض تشریف لائیں گے۔ اس بات کی اطلاع ویلفئیر اسپتال کے میڈیکل ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ظہیر کولا نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں کارڈیولوجی (امراض قلب)، یورولوجی (مثانہ/پیشاب کی بیماری)، ارتھوپیڈک (ہڈیوں کےمتعلق)، نیورو سرجری، ای این ٹی، گیسٹرو اینٹرولوجی، ڈرماٹولوجی (اسکین کے مسائل) ، پیڈیاٹرک کارڈیو لوجی، او بی جی (گائنا / حاملہ خواتین کے مسائل) ، میڈیکل انکولوجی (کینسر کے ماہر) اور جنرل میڈیسن کے ماہر ڈاکٹرس مینگلور سے تشریف لائیں گے اور مفت میں مریضوں کی جانچ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں مینگلور سے ایک ساتھ بہت سارے امراض کے اسپیشلسٹ بھٹکل تشریف لارہے ہیں، لہٰذا بھٹکل اور اطراف کے علاقوں کے لوگ اس کیمپ سے بھرپور فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ کیمپ صبح نو بجے سے دوپہر تین بجے تک چلے گا۔
ڈاکٹر ظہیر کولا نے بتایا کہ کیمپ میں رجسٹریشن اور جانچ بالکل مفت ہوگی، البتہ لیب ٹیسٹ یا دیگر کسی ٹیسٹ کی ضرورت پڑنے پر ویلفئیر اسپتال میں 25 فیصد رعایت پر ٹیسٹ کرایا جاسکتا ہے۔ مزید بتایا کہ کیمپ میں ECG بھی مفت کرایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جانچ کرانے کے لئے آئے ہوئے کیمپ میں شریک تمام مریضوں کو خصوصی کارڈ دیا جائے گا ، اور میڈیکل کیمپ میں شریک مریض کو زائد علاج کے لئے مینگلور اے جے اسپتال جانے کی ضرورت پڑی تو کارڈ دکھانے کی صورت میں اے جے اسپتال میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔
ویلفئیر اسپتال میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں ویلفیر اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ابوالاعلیٰ برماور، اے جے اسپتال(مینگلور) کے مارکیٹنگ مینجر ونود پربھو، اسسٹنٹ مینجر پریتم واس، مارکیٹنگ ایکزی کوٹیو اشرف سعدا و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔